ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ’پارلیمنٹ میں پھر گونجے گی عوام کے اصل ایشوز کی آواز‘، راہل کی رکنیت بحال ہونے پر بہن پرینکا کا رد عمل

’پارلیمنٹ میں پھر گونجے گی عوام کے اصل ایشوز کی آواز‘، راہل کی رکنیت بحال ہونے پر بہن پرینکا کا رد عمل

Tue, 08 Aug 2023 11:53:18    S.O. News Service

نئی دہلی، 8/اگست (ایس او نیوز/ایجنسی) لوک سبھا سکریٹریٹ کے ذریعہ پیر کے روز کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی رکنیت بحال کرنے کا استقبال کرتے ہوئے کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے انصاف و سچائی کے لیے اپنے بھائی کی لڑائی میں ساتھ دینے کے لیے ملک کے لوگوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اب پارلیمنٹ میں پھر اصلی ایشوز کی آواز گونجے گی۔

پرینکا گاندھی نے کانگریس اراکین پارلیمنٹ اور اِنڈیا اتحاد کے لیڈروں کی نعرہ بازی کے درمیان راہل گاندھی کے پارلیمنٹ پہنچنے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’ملک کی عوام کے اصل ایشوز کی آواز ایک بار پھر پارلیمنٹ میں گونجے گی۔‘‘

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بذریعہ ٹوئٹ کہا ہے کہ ’’راہل گاندھی جی کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر لڑنے والے لاکھوں کانگریس کارکنان اور انصاف و سچائی کی لڑائی کی حمایت کرنے والے کروڑوں ملکی باشندوں کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ۔‘‘

پرینکا گاندھی کا یہ تبصرہ سپریم کورٹ کے ذریعہ ’مودی سرنیم‘ تبصرہ سے متعلق ہتک عزتی معاملہ میں گجرات کورٹ کے ذریعہ راہل گاندھی کو سنائی گئی سزا پر روک لگانے کے تین دن بعد لوک سبھا سکریٹریٹ کے ذریعہ ان کی لوک سبھا رکنیت بحال کرنے کے بعد آیا ہے۔


Share: